لنڈی کوتل :اے سی گٹ آبشار موسم گرما میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز

0
3

چلچلاتی دھوپ میں کرشماتی ٹھنڈے پانی کی آبشار سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
سیاحوں کے بقول اے سی گٹ آبشار میں چلچلاتی دھوپ میں کھڑے ہوکر نہانے سے بھی سردی لگتی ہے۔خیبر پختونخوا کی تحصیل لنڈی کوتل کے مرکزی بازار سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع چار باغ میں پہاڑوں کے بیچ ٹھنڈے پانی والی آبشاراے سی گٹ موسم گرما کی تعطیلات میں ملک بھر سے آنیوالے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
گٹ پشتو زبان کا لفظ ہے، جو بڑے پتھر کو کہا جاتا ہے، دو چٹانوں کے بیچ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بڑا پتھر پھنس گیا تھا،جس پر چشمے سے پانی آکر گرتا ہے، تنگ وادی میں گرتے پانی کی ٹھنڈک کی وجہ سے اسے اے سی گٹ کا نام دیا گیا ہے۔
لنڈی کوتل سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں ان دنوں گرمی کی لہر جاری ہے ، لہٰذا علاقہ مکین اپنے بچوں کے ہمراہ اے سی گٹ آبشار کا رخ کررہے ہیں،جبکہ اس آبشار کی سیر کیلئے آنیوالے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا کہنا ہے کہ انہیں دھوپ میں کھڑے ہو کر بھی یہاں سردی کا احساس ہو تا ہے۔
مقامی شہریوں اورسیاحوں کا کہنا ہے کہ اگر یہاں بنیادی سیاحتی سہولیات کنٹین، کیفے اور بیٹھنے کیلئے سایہ دار جگہیں بنائی دی جائیں، تو اس سے سیاح جہاں اس سحر انگیز مقام سے بھر پور لطف اٹھا سکیں گے، وہیں لنڈی کوتل میں سیاحت کو بھی مزید فروغ ملے گا۔

Leave a reply