معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کا فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں قدم

0
4

معروف ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کا فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں قدم،گوگل نےایک نئے فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن ونگ’’100 زیروز‘‘ کا آغاز کر دیا۔
گوگل نےیہ اقدام ایک طویل مدتی شراکت داری کے تحت معروف پروڈکشن کمپنی رینج میڈیا پارٹنرز کے ساتھ کیا ہے، جس کا مقصد تخلیقی منصوبوں کی مالی معاونت، مشترکہ تیاری اور ٹیکنالوجی کے ذریعے جدید مواد تخلیق کرنا ہے۔گوگل اس نئے آغازکے ذریعے فلم سازوں اور تخلیق کاروں کو اپنی جدید ٹیکنالوجیزImmersive View (تھری ڈی تجربہ) اور دیگر بصری و بیانیہ ٹولزکے استعمال کی جانب راغب کرنا چاہتا ہے۔
ان ٹولز کا مقصد فلمی دنیا میں نئی جہتیں متعارف کروانا اور کہانی سنانے کے انداز کو جدیدآہنگ دینا ہے۔گوگل کا پروڈکشن ونگ خاص طور پر مصنوعی ذہانت اے آئی اور انٹرایکٹو سٹوری ٹیلنگ کے شعبوں میں اختراعی طریقوں کو فروغ دینے پر توجہ دے گا۔رینج میڈیا پارٹنرز، جو ایک باوقار ہالی وڈ ٹیلنٹ ایجنسی اور پروڈکشن کمپنی ہے، اس منصوبے میں گوگل کی مرکزی پارٹنر ہے۔
یہ کمپنی ماضی میں فلم سازی کے کئی اہم منصوبوں میں بھی کام کر چکی اور اب گوگل کے ساتھ مل کر جدید فلمی مواد کی تیاری میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
گوگل کے ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد ہالی وڈ کی تخلیقی کمیونٹی کے ساتھ ذمہ داری کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ایسے نئے امکانات کی تلاش ہے، جن سے ٹیکنالوجی کے ذریعے تخلیقی اظہار کو فروغ دیا جا سکے۔پروجیکٹ 100 زیروز کی قیادت معروف فلم پروڈیوسر کیسی ڈورانٹ اور ڈویلپمنٹ ایگزیکٹوز ٹونی نگوین و رچرل ڈگلس کر یں گے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یوٹیوب کی ملکیت رکھنے کے باوجود گوگل ان منصوبوں کو یوٹیوب پر ریلیز نہیں کرے گا، بلکہ ان فلموں اور سیریز کو نیٹ فلیکس جیسے بڑے سٹریمنگ پلیٹ فارمز اور روایتی فلم سٹوڈیوز کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ ان کی رسائی عالمی ناظرین تک ممکن بنائی جا سکے۔

Leave a reply