پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے ، یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے

0
18

جہانگیرخان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔

کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں سے تعلق رکھنے والے نامور پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں حصہ لینے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ ٹیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ان نامور کھلاڑیوں نے ان خیالات کا اظہار پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو میں کیا ہے۔

دس برٹش اوپن اور چھ ورلڈ اوپن ٹائٹلز جیتنے والے جہانگیرخان کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی نیک خواہشات اس ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیم ہمیں اچھی خبر سنائے گی۔ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے میں یہ بات سمجھ سکتا ہوں کہ یہ کھلاڑی کے لیے بہترین موقع ہوتا ہے کہ اس نے جس طرح سخت محنت اور ٹریننگ کی ہوتی ہے وہ اسے ایک بہترین پرفارمنس میں تبدیل کرے۔ ہارجیت کھیل کا حصہ ہے لیکن اگر فائٹ کرکے ہارتے ہیں تو اس سے ہر کوئی مطمئن ہوتا ہے۔

جہانگیر خان نے کہا کہ اس ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑی شامل ہیں اور اگر یہ ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے تو مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم بہترین پرفارمنس دے گی۔ 1978 کا ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان اصلاح الدین کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ۔

پاکستان پہلے بھی یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور اب قوم پھر منتظر ہے کہ ٹیم دوبارہ عالمی چیمپئن بن کو واپس لوٹے گی ۔ پوری قوم ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ دو بار کے ہاکی ورلڈ کپ گولڈ میڈلسٹ سابق اولمپئن سمیع اللہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس ٹیم سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں اور یہ ہماری امیدوں پر پورا اترے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس ٹیم کی بہت اچھی تیاری کرائی ہے اور کھلاڑیوں نے بھی سخت محنت کی ہے۔کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ ہر میچ کو دل لگاکر کھیلیں۔

ٹینس گرینڈ سلیم فائنل کھیلنے والے واحد پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق کو بھی امید ہے کہ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹرافی جیت کر وطن آئے گی اور ہمیں فخر کرنے کاموقع فراہم کرے گی۔ جیولن تھرو کے کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ جس طرح ٹیم نے سخت محنت کی ہے اور اس عالمی ایونٹ کے لیے تیاری کی ہے اس کا پھل ضرور ملے گا ۔امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی بہترین پرفارمنس دے گی تو اسی میں اس کی جیت ہوگی۔

کے ٹو کی چوٹی سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما شہروز کاشف کہتے ہیں کہ ہماری توقعات اس ٹیم کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان ٹیم یہ ورلڈ کپ ضرور جیتے گی۔

پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی سابق کپتان ہاجرہ خان کہتی ہیں کہ پوری فٹبال کمیونٹی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سپورٹ کررہی ہے۔ کبھی آپ ہارتے ہیں کبھی جیتتے ہیں لیکن آپ ایک بہترین ٹیم کے ذریعے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

پاکستان ٹیم نے ماضی میں بہترین پرفارمنس دی ہے امید ہے کہ کھلاڑی خود پر یقین رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے ہوئے ایک بار پھر بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

سیف گیمز ٹیبل ٹینس گولڈ میڈلسٹ عارف خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم انفرادی طور پر غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ جب یہ اکٹھے ہوتے ہیں تو ایک مضبوط ٹیم سامنے آتی ہے۔ہم سب کو اس ٹیم سے بڑی توقعات وابستہ ہیں کہ یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کرے گی۔

Leave a reply