امریکا جا کر پڑھنےوالے غیرملکی طلبا کے ویزے کیلئے نئی شرائط پر غور شروع

0
10

امریکا جا کر تعلیم حاصل کرنیوالے طلبا کیلئے اہم خبر،امریکا نے غیرملکی طلبا کے ویزے کیلئے نئی شرائط پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا میں غیرملکی طلبا کے ویزے کے عمل کو مزید سخت بنانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق نئی مجوزہ پالیسی میں غیرملکی طلبا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی مکمل چھان بین کی جائے گی ،جبکہ دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں کو طلبا کے نئے ویزا انٹرویوز عارضی طور پر معطل کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مجوزہ اقدامات سے طلبا کے ویزا کے حصول کا عمل مزید سست ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں امریکی تعلیمی اداروں، خصوصاً یونیورسٹیز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے اداروں میں صف اول کی ہارورڈ یونیورسٹی شامل ہے، جس کے امریکی حکومت کے ساتھ 100 ملین ڈالر کے تحقیقی معاہدے کی منسوخی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل بھی ہارورڈ کی تین ارب ڈالر کی وفاقی تحقیقی گرانٹس ختم کی جا چکی ہیں، اگر نئی پالیسی لاگو ہوئی تو صرف ہارورڈ یونیورسٹی کے 68 ہزار بین الاقوامی طلبا براہ راست متاثر ہوں گے۔
ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ان اقدامات کا مقصد امیگریشن پالیسی کو سخت سے سخت تر بنانا ہے، تاہم اس کا سب سے بڑا نقصان امریکی جامعات کو ہوگا ،جو عالمی طلبا سے حاصل ہونیوالی فیسوں اور تحقیقی فنڈز پر بڑی حد تک انحصار کرتی ہیں۔

Leave a reply