خیبرپختونخوامیں سیلابی ریلے،جاں بحق افرادکی تعداد307سےتجاوزکرگئی

0
2

پرونشل ڈیزاسٹر مینجنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کی جانب سے حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والےجانی ومالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث حادثات میں اب تک 307 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں،جبکہ مختلف حادثات میں 23 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں 17 مرد، 4 خواتین اور دو بچے شامل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اےکے مطابق بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 74 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 63 گھروں کو جزوی اور 11 گھر مکمل منہدم ہوئے۔
پی ڈی ایم اےکےمطابق یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔تیز بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں۔ شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اےکاکہناہےکہ سیلاب سے سب سےزیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 184 افراد جابحق ہوئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر تمام متعلقہ اداروں كو امدادی سرگرمیاں تیز كرنے كی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اےامدادی ٹیمیں اورضلعی انتظامیہ آپس میں مکمل رابطےمیں ہیں اورصورتحال كی نگرانی كی جا رہی ہے۔
ترجمان کےمطابق پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا تھا۔ادارے کی جانب سے تمام متاثر اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ۔تما م متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراوں اور رابطہ سٹرکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی۔
ترجمان نےمزیدکہاکہ پی ڈی ایم اےنےتمام سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔
پاک فوج کاسیلاب متاثرین کی امدادکااعلان:
پاک فوج نے ایک دن کا راشن اور تنخواہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کیلئے وقف کردی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لیے وقف کر دی ہے جبکہ پاک فوج نے اپنا ایک دن کا راشن بھی سیلاب سے متاثرہ عوام کی امداد کے لیے مختص کر دیا۔جوکے تقریباً 600 ٹن سے زیادہ بنتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب متاثرین کی امدادکے لیے اضافی فوجی دستے بھی بھیجے جارہے ہیں جبکہ آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت:
وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں اور فلش فلڈ كے باعث متاثرہ اضلاع كے لیے امدادی فنڈز کی رقم 50 کروڑ روپے جاری کر دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی، انشاءاللہ ہم سب مل کر بہت جلد اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔
مشیرصحت احتشام علی:
مشیرصحت خیبرپختونخوااحتشام علی ادویات،ایمبولینسزاورطبی عملےکےہمراہ بونیرروانہ ہوگئے۔
مشیرصحت احتشام علی کاکہناتھاکہ بونیر کیلئے ادویات، ایمبولینسز و طبی عملے کو لیکر خود جارہا ہوں ، خود گراونڈ پر موجودہوں، متاثرین کی ہر ممکن مدد کرینگےہر مرکز صحت جاونگا، ایمرجنسی ادویات ہر مرکز صحت میں موجود ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر جنرل عملے کے ہمراہ کل سے بونیر میں موجود ہیں ، تمام ہیلتھ فیسیلٹیز 24/7 علاج معالجے کی خدمات کی فراہمی کیلئے فعال ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں سیل قائم:
خیبرپختونخوا میں بارش اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر وزیراعظم ہاؤس میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے متاثرہ علاقوں میں فوری اور بھرپور امدادی تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے این ڈی ایم اے کو آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کاعلی امین کوفون:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو ٹیلی فون کرکے سیلاب سے صوبے میں ہونے والے مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور عوام کی مدد کے لیے تعاون کا یقین دلایا۔
مریم نواز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت پنجاب کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ڈسپوزل پر ہیں، اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔

Leave a reply