نازیہ ملک کی حاضردماغی ، سہیلیوں سمیت خوفناک واقعہ سے بال بال بچ گئیں

پاکستانی شوبزانڈسٹری کی اداکارہ نازیہ ملک نے بتایاکہ بروقت فیصلے سےاپنی اور سہیلیوں کی جان بچائی۔
حال ہی میں اداکارہ نازیہ ملک نےایک نجی ٹی وی چینل میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی،جہاں پرانہوں نےاپنےکیرئیراورنجی زندگی بارےتفصیل سےگفتگوکی۔
گفتگوکےدوران اداکارہ نے انکشاف کیا کہ کس طرح وہ اور ان کی سہیلیاں ایک خوفناک واقعے سے بال بال بچیں۔انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ اپنی چار سہیلیوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے سوات گئی تھیں، اور واپسی کے سفر کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے بقول انہیں شروع ہی سے کار ڈرائیور کے رویے پر شک ہوا، کیونکہ وہ مسلسل فون پر کسی سے گفتگو کرتا رہا۔
نازیہ نے بتایا کہ موٹروے پر ایک سنسان مقام پر پہنچ کر ڈرائیور نے گاڑی روک دی اور کہا کہ گاڑی میں خرابی ہو گئی ہے۔ وہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھی تھیں، اس لیے فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لیا۔ اطراف میں کوئی موجود نہ تھا اور جگہ کافی غیر محفوظ محسوس ہو رہی تھی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ڈرائیور نے گاڑی میں چابی چھوڑ دی تھی، جس پر انہوں نے فوری فیصلہ کرتے ہوئے ڈرائیونگ سیٹ سنبھالی اور ڈرائیور سے کہااگر آپ نے رکنا ہے تو رکیں، میں گاڑی چلا کر یہاں سے جا رہی ہوں۔اس پر ڈرائیور گھبرا گیا اور گاڑی کو خود ٹھیک کرنے پر آمادہ ہو گیا۔
نازیہ کے مطابق ڈرائیور نے گاڑی کو چیک کیا اور کچھ دیر بعد اسٹارٹ کر کے دوبارہ روانہ ہو گیا۔
نازیہ ملک کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت وہ حاضر دماغی کا مظاہرہ نہ کرتیں تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔
میری تمام سہیلیاں پریشان تھیں، انہیں سمجھ نہیں آ رہا تھا کیا کیا جائے، مگر فوری فیصلے نے ہمیں ممکنہ خطرے سے بچا لیا۔