کراچی:موسلادھاربارش ، نظام زندگی مفلوج ،رہائشی آبادیاں زیرآب آگئیں

شہرقائدکراچی میں موسلادھاربارش نےنظام زندگی مفلوج کردیا،رہائشی آبادیاں زیرآب آگئیں۔
موسلا دھار بارش کے باعث شہر کا معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گیا۔ صدر کے علاقے سمیت شہر کی تمام مرکزی شاہراہیں زیرِ آب آ گئیں، جبکہ کے ایم سی اور ٹاؤن انتظامیہ غائب رہی۔
زیب النساء اسٹریٹ، عبداللہ ہارون روڈ، ضیاء الدین روڈ، سرور شہید روڈ اور لکی اسٹار روڈ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں بند ہو گئیں، جنہیں شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکالنے میں مصروف رہے۔
ایک گھنٹے سے جاری شدید بارش نے شہر کی سڑکوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیا۔ گلستان جوہر کے مختلف علاقوں میں چار فٹ سے زائد پانی جمع ہو گیا، جبکہ جوہر انڈر پاس بھی پانی سے بھر گیا۔ سماسما شاپنگ سینٹر سے پہلوان گوٹھ جانے والی سڑک مکمل طور پر زیر آب آ گئی۔نیوکراچی، پی ای سی ایچ ایس، گلشن جمال، شادمان ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں نشیبی آبادیوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔
چھوٹے برساتی نالے ابل پڑے جبکہ ملیر ندی اور لیاری ندی میں پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ گجر نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے سے اطراف کے مکین خوف کا شکار ہو گئے۔
محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران مزید شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔