گرمائی سیاحت کا فروغ: بابو سر ٹاپ کو چھ ماہ بعد سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا

0
4

گرمائی سیاحت کا فروغ،معروف سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ کو چھ ماہ بعد ہر قسم کی ٹریفک کی آمد ورفت اور سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) حکام کے مطابق گلگت بلتستان آنے اور جانے والے سیاح و مسافر اب براستہ ناران سفر کر سکیں گے،کیونکہ این ایچ اے نے ہیوی مشینری کی مدد سے 6 سے زائد گلیشیرز کو کاٹ کر راستہ بحال کر دیا ہے۔
این ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ راستہ بحال ہونے سے سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمدورفت جاری ہے۔آپ کو بتاتے چلیں کہ موسم سرما میں ہونیوالی بھاری برف باری کے باعث سیاحتی مقام بابو سرٹاپ 6 ماہ سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند تھا۔
بابو سر ٹاپ تقریباً 13700 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور وادی ِکاغان کا سڑک سے مربوط بلند ترین مقام ہے۔ یہ سڑک عام طور پر مئی سے ستمبر کے مہینوں کے دوران سیاحوں کیلئے کھلی رہتی ہے، جبکہ سال کے باقی مہینوں میں برف باری کے باعث اس پر سفر کرنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔
بابو سر ٹاپ کی بلندی سے چلاس کی وادی کا سفر دنیا کے چند ایڈونچرسٹ اور خوبصورت ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے۔یہ شاہراہ اتنی تیزی سے بل کھاتی ہوئی نیچے اترتی ہے کہ اس پر سفر کرنا کسی ایڈونچر سے کم نہیں، یہی وجہ ہے کہ مہم جو سیاحوں کیلئے بابو سر ٹاپ سے وادیٔ چلاس اور پھر آگے گلگت بلتستان کا سفر ہمیشہ سے خواب رہا ہے۔

Leave a reply