یوم تکبیر: پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل

0
25

پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 27 سال مکمل ہوگئے ۔ 1998 میں آج ہی دن کیےگئےکامیاب ایٹمی تجربات کی یاد میں قوم یوم تکبیر قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے ،جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔
ملک بھر میں آج یوم تکبیر منایا جارہا ہے۔ 27 سال پہلے آج ہی کے دن وطن عزیز نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا اوراسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی ۔
28 مئی 1998 کا دن تھا جب بلوچستان کی سرزمین میں ہلچل پیدا ہوئی اور چاغی کے سنگلاخ پہاڑ سے ریت دھواں بن کر اڑنے لگی ۔ زمین میں یہ ارتعاش کوئی معمولی بات نہیں تھی بلکہ یہ درحقیقت پاکستان کے ناقابل تسخیر ہونےکا اعلان تھا اور یہ 11 اور 13 مئی 1998 کو بھارت کی جانب سے کئے گئے 5 جوہری دھماکوں کا منہ توڑ جواب تھا جو دشمن کو 6 دھماکوں کی صورت میں دیا گیا۔
پاکستان کےایٹمی دھماکوں سےناصرف خطےمیں طاقت کاتوازن برقرارہوا بلکہ بزدل ہمسائے کا خطے میں بالادستی کا خواب بھی ہمیشہ کیلئے چکنا چور ہوگیا اور یوں پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور پہلی اسلامی ایٹمی ریاست ہونےکااعزازحاصل ہوا ۔
بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں 6 کامیاب ایٹمی تجربات کی خبر جب پاکستانی عوام تک پہنچی تو پورے ملک میں’’اللہ اکبر‘‘ کی صدائیں بلند ہوئیں اور اسی مناسبت سے اس دن کو’’یومِ تکبیر‘‘ کا نام دیا گیا۔
پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
یومِ تکبیر صرف ایک فوجی کامیابی کا دن نہیں بلکہ یہ قومی اتحاد، سائنس و ٹیکنالوجی میں خودکفالت اور دشمن کے خلاف مزاحمت کا مظہر ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب پوری قوم متحد ہو تو وہ ناممکن کو بھی ممکن بنا سکتی ہے۔

Leave a reply