جشنِ عید میلاد النبیؐ : نگر نگر، شہر شہر میں جلوسوں کا روح پرور سلسلہ جاری

جشنِ عید میلاد النبیؐ، ملک بھر میں جلوسوں کا روح پرور سلسلہ جاری ، روشنیوں کے شہر کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، دیہات اور گلی کوچوں میں جشنِ عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ملک کے مختلف شہروں سے آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں جلوس نکالے جا رہے ہیں، جن میں ہر عمر کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ شہر قائد کی گلبہار نمبر 1 میں واقع مدرسہ حبیبیہ سے ربیع الاول کا مرکزی جلوس برآمد ہوا، جس میں بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
شرکاء درود و سلام پڑھتے اور نعتیں سناتے ہوئے نبی کریم ﷺ سے عقیدت کا اظہار کرتے دکھائی دیے۔مختلف جلوسوں میں برقی قمقوں سے سجی بگیاں، گاڑیاں اور دیگر رنگ برنگی روشنیاں شہریوں اور عاشقان رسول کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔عید میلاد النبی کے جلوسوں میں شامل مختلف گاڑیوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، دلہن کی طرح سجی ان گاڑیوں نے جلوسوں کو ایک دیدہ زیب منظر میں بدل دیا ہے اور آج بارہ ربیع الاول کے روز قریہ اسم محمد پاکستان بھر میں درود و سلام کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں۔