پاکستان تحریک انصاف اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں سے بھی محروم ہوگئی

0
217

سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بلے کے نشان سے محروم ہونے کے بعد اسکے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔ اب پاکستان تحریک انصاف منتخب ایوانوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے حق سے بھی محروم ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات 2024ء کے سلسلے میں اقلیتی امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کردی گئی ہیں، جس کے مطابق پی ٹی آئی قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 10 مخصوص نشستوں پر 37 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کو درست قراردے دیا جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی امیدوار فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے اقلیتی امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کو دی گئی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیا تھا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھی سماعت میں فریقین کے دلائل سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے انتخابی نشان بلا واپس لینے کا حکم دیا تھا، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی خواتین کی  مخصوص نشستوں کے بعد اقلیتی نشستوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھی ہے۔چونکہ پاکستان تحریک انصاف کے مختلف انتخابی نشانات سے جیتے والے اراکین آزاد امیدوار شمار ہوں گے اس لئے اسمبلیوں میں مخصوص کوٹہ میں سے انہیں نشستیں الاٹ نہیں کی جائیں گی۔ جس سے عددی برتری میں تحریک انصاف کو ایک اور بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Leave a reply