پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، لاہور میں ٹرام سروس آئندہ سال سے شروع کرنے کا اعلان

0
1

پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آئندہ سال فروری 2026 سے ٹرام سروس شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے میڈیا کو بتایا کہ لاہور میں ٹرام کا ابتدائی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت ٹرام سروس ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک چلائی جائے گی، جس میں 270 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ اس منصوبے پر تقریباً 30 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔
بلال اکبر کے مطابق اس منصوبے کی تیاری اور جائزے کے لیے پنجاب نیسپاک اور پی ایم اے افسران پر مشتمل ایک وفد نے چین کا دورہ بھی کیا ہے تاکہ جدید بین الاقوامی ٹیکنالوجی اور تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو ٹرین منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ فیصل آباد میٹرو روزانہ تقریباً 3 لاکھ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرے گی، جبکہ گوجرانوالہ میٹرو ٹرین یومیہ 1 لاکھ 40 ہزار مسافروں کی گنجائش رکھے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میٹرو منصوبے کی لاگت 110 ملین ڈالر جبکہ گوجرانوالہ میٹرو پر 50 ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔
بلال اکبر کا کہنا تھا کہ لاہور میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے بڑھتے استعمال سے ماحولیاتی آلودگی میں تشویشناک اضافہ ہو رہا ہے اور ٹرام و میٹرو منصوبے اس آلودگی پر قابو پانے کی ایک سنجیدہ کوشش ہیں۔

Leave a reply