گرین لینڈ پر امریکا اور ڈنمارک میں کشیدگی، ٹرمپ کا روس اور چین کو واضح پیغام

0
43

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرین لینڈ کے معاملے پر روس اور چین کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اس علاقے پر کسی کو قبضے کی اجازت نہیں دیں گے ،دوسری جانب ڈنمارک نے ایک بار پھر گرین لینڈ پر امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے سخت نتائج کی دھمکی دے دی ۔
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال گرین لینڈ سے متعلق مختلف پہلوؤں پر غور جاری ہے اور گرین لینڈ کے لیے رقم پر ابھی بات نہیں ہو رہی۔
مزید کہا کہ ڈنمارک پر ڈیل کرنا چاہیں گے، ہم گرین لینڈ نہیں لیں گے تو آپ کا اگلا پڑوسی روس یا چین ہوگا اور ہم ان دونوں ممالک کو اپنا پڑوسی نہیں بناسکتے، امریکا کو گرین لینڈ کا مالک ہونا چاہیے تاکہ روس یا چین اس پر قبضہ نہ کرسکیں۔
گرین لینڈ کے مستقبل پر امریکا اور ڈنمارک کے درمیان بڑھتی کشیدگی نے نیٹو اور یورپی سیاست میں نئی بےچینی پیدا کر دی ہے، جبکہ یوکرین جنگ کے تناظر میں اٹلی نے یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ روس سے براہِ راست مذاکرات کا آغاز کرے۔ دونوں پیشرفتیں یورپ اور امریکا کے تعلقات اور خطے کے سلامتی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔
ڈنمارک کے رکنِ پارلیمنٹ اور دفاعی کمیٹی کے سربراہ راسمُس یارلوف نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ پر فوجی حملے کی کوشش کی تو ڈنمارک اپنے دفاع کا حق استعمال کرے گا، اگرچہ وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ ڈنمارک کی فوج امریکا کو روکنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
ڈنمارک کی وزیرِاعظم میٹے فریڈرکسن نے بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر امریکا نے طاقت کے ذریعے گرین لینڈ پر قبضے کی کوشش کی تو نیٹو کا آرٹیکل فائیو فعال کرنا پڑے گا، جو بالآخر اتحاد کے وجود کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ کے حصول کے لیے مختلف آپشنز زیرِ غور ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسے امریکا کی قومی سلامتی کی ترجیح قرار دے چکے ہیں، اگرچہ امریکی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن کا مؤقف خریداری پر مبنی ہے، فوجی کارروائی پر نہیں۔ اس تناظر میں امریکا اور ڈنمارک کے حکام کے درمیان آئندہ ملاقات متوقع ہے۔

Leave a reply