قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان

0
34

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نےقومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کردیا۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹیم 10 فروری سے دورے کا آغاز کرے گی، جبکہ فاطمہ ثنا دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گی۔
سائرہ جبین اور ہمنہ بلال کو پہلی بار قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، تسمیہ رباب اور نجیہہ علوی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، منیبہ علی، نصرہ سندھو اور عالیہ ریاض دونوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہوں گی۔
ڈیانہ بیگ، نجیہہ علوی، صدف شمس اور سیدہ عروب شاہ صرف ون ڈے اسکواڈ میں شامل ہیں، جبکہ ہمنہ بلال، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور ایمان فاطمہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہوں گی۔
پاکستان ویمنز ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ پری سیریز ٹریننگ کیمپ یکم سے 6 فروری تک کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے، جو پوچف سٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ ہوگا، جبکہ ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں منعقد ہوں گے۔ دوسرے ون ڈے میچ کو ڈے نائٹ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم پانچ سال بعد دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے۔

Leave a reply