قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ، پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمدشہبازشریف نےکہاہےکہ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا داخلی و خارجی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جارہی ہے، خیبرپختونخوامیں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔
وزیراعظم محمدشہبازشریف کاخیبرپختونخوا سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئےکہناتھاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، دہشتگردی کے ناسور کو جڑسےختم کرنے کے لیے ریاست پُرعزم ہے اور سب کو متحد ہوکر دہشتگردی سے مقابلہ کرنا ہوگا۔
اُن کامزیدکہناتھاکہ صوبے خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔ خیبرپختونخوا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، حکومت خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے دیگر صوبوں نے اپنے حصے سے 800 ارب روپے دیے، خیبرپختونخوا کے عوام نے ریفرنڈم میں پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔ قومی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے لہٰذا داخلی و خارجی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جارہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اگر ترقی کرتا ہے اور دیگرصوبے ترقی نہیں کرتے تو یہ پاکستان کی ترقی نہیں لہٰذا ملک اسی وقت ترقی کرےگا جب تمام صوبے ترقی کریں۔ بلوچستان کو 100 ارب روپے پنجاب نے اپنے حصے سے دیے، بلوچستان کی اہم سڑک بنانے کےلیے وفاق پیسے دے رہا ہے جب کہ بلوچستان میں سولر ٹیوب ویلز کے لیے وفاق نے 40 ارب روپے دیے۔
اُنہوں نےکہاکہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی، گزشتہ سال جنگ میں بھارت کے 7 جہاز مار گرائے اور آج سبز پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے، ہم معاشی ترقی میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ترقی کی شرح کو تیزی سے آگے بڑھانا ہے، پاکستان معاشی طو ر پر مضبوط سے مضبوط ہورہاہے جس کی بدولت پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا۔















