بارش ہی بارشیں: آج کہاں کہاں بادل برسیں گے؟موسمی پیشگوئی

بارش برسانے والا سسٹم داخل، آج ملک میں کہاں کہاں بادل برسیں گے؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج سے کل تک ملک کے بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے،وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بارش، جبکہ آزاد کشمیرکے سیاحتی مقامات پر برفباری متوقع ہے۔دوسری طرف پی ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان کے متعلقہ اضلاع کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے،جس میں شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کاکہناہےکہ مری میں آج منگل کی شام کو مزید برفباری کا امکان ہے، لہٰذاسیاحوں اور شہریوں کو رات کے وقت ملکہ کوہسار مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ درجہ حرارت مزید گرنے سے سڑکوں پر برف بلیک آئس،شیشے جیسی سخت تہہ میں بدل سکتی ہے اور بلیک آئس پر گاڑی کے بریک کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں،لہٰذا رات کا سفر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
ڈی پی او مری کے مطابق اندھیرے اور دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے،یہی وجہ ہے کہ ان کاکہنا ہے کہ ٹائروں پرسنو چین کے بغیر کسی بھی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں ملےگی۔روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں اور مکینیکل فٹنس چیک کر لیں، بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کا درست ہونا یقینی بنائیں، برف والی سڑکوں پر رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے 50 میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں، ہیٹر کے استعمال کے دوران شیشے کھلے رکھیں، آکسیجن کی کمی جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہے، دھند اور برفباری میں فوگ لائٹس اور ہیزرڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔
شاہراہوں یا ڈھلوانوں پر گاڑی پارک نہ کریں، تاکہ برف ہٹانے میں رکاوٹ نہ ہو، چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس عملے کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
ڈی پی او مری کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حادثے کی صورت میں فوری پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کریں۔















