سندھ حکومت کاگل پلازہ کے شہداء کے لواحقین اور متاثرہ دکانداروں کیلئے بڑے امدادی فیصلے

0
7

سندھ حکومت نےگل پلازہ کے شہداء کے لواحقین اور متاثرہ دکانداروں کیلئے بڑے امدادی فیصلے کرلیے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک سب کمیٹی قائم کر دی گئی، جس میں صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی اور ضیاء لنجار شامل ہیں۔
سب کمیٹی کمشنر کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لے گی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ رپورٹ آنے کے بعد ایسے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انصاف یقینی بنایا جا سکے۔
سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہلِ خانہ کو ایک، ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ متاثرہ دکانداروں کو گھریلو اخراجات کے لیے کمشنر کے ذریعے پانچ، پانچ لاکھ روپے ادا کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو دوبارہ کاروبار شروع کرنے کے لیے ایک، ایک کروڑ روپے بلاسود قرضہ فراہم کرنے کی بھی منظوری دی، جبکہ ایک کروڑ روپے پر واجب الادا سود حکومتِ سندھ ادا کرے گی۔

Leave a reply