حکومت کا غیر رجسٹرڈ سکولوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

پرائیویٹ ایجوکیشنل ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
پیرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن یا تجدید رجسٹریشن کا عمل 15 یوم میں مکمل کریں۔ مقررہ مدت میں عمل نہ کرنیوالے اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ سیکشن 19 کے تحت ڈیفالٹر اداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے، سکول کی بندش اور دیگر قانونی اقدامات شامل ہو سکتے ہیں۔
پیرا حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدامات والدین اور طلبا کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، تاکہ تعلیمی معیار اور قانونی تقاضوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں غیر قانونی طور پر قائم سکولوں کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور کسی بھی ادارے کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔اس سلسلے میں والدین سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ تعلیمی اداروں میں داخل کروائیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ریگولیٹری عمل کو مزید سخت بنا دیا گیا ہے اور آئندہ غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔















