پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور زراعت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے کینیڈین ہائی کمشنر کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان مائننگ اور منرلز کے شعبے میں شراکت داری پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان نے مائننگ اور منرلز سیکٹر میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ کینیڈا کی جانب سے پاکستان کو جدید مائننگ ٹیکنالوجی اور تربیت کی سہولیات فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی۔
وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان کی پی ڈی اے سی کانفرنس ٹورنٹو میں شرکت اور کینیڈین مائننگ کمپنیوں کے ساتھ روابط بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران کینیڈا سے کینولا کی درآمدات کی بحالی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا، اور بتایا گیا کہ ابتدائی شپمنٹس پاکستان پہنچ چکی ہیں۔
وزارت تجارت کے مطابق کینولا پاکستان کے ایڈیبل آئل اور لائیوسٹاک سیکٹر کے لیے انتہائی اہم ہے۔ فریقین نے زراعت، ایگری بزنس اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں پاک کینیڈا تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ڈیری اور لائیوسٹاک ڈویلپمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی اور اینیمل جینیٹکس کے استعمال پر بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں کینیڈین سرمایہ کاری، ریگولیٹری استحکام کی اہمیت، اور پاکستان کینیڈا دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر نجی شعبے کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔















