پنجاب میں میٹرک امتحانات کاآغاز:صوبےبھرسے 27 لاکھ سے زائد طلبہ شریک

لاہور سمیت پنجاب بھر میں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے، جن میں 27 لاکھ 96 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق امتحانات کے لیے صوبے بھر میں 4 ہزار 92 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 247 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ شفافیت کو یقینی بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے 383 مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ 45 ہزار 844 نگران عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
لاہور:
صوبائی دارالحکومت لاہور میں پہلے روز عربی، جغرافیہ اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں۔ شہر بھر میں 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق 26 مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے، جبکہ تمام امتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ ہے۔سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت کسی غیر متعلقہ شخص کو مراکز میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ طلبہ کو شناخت کی تصدیق کے بعد ہی داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔
شیڈول کے مطابق میٹرک کا آخری پرچہ 16 اپریل کو پنجابی اور تاریخِ اسلام کا ہوگا، جبکہ نہم جماعت کے امتحانات 17 اپریل سے شروع ہوں گے۔
فیصل آباد:
فیصل آباد میں بھی امتحانات شروع ہو گئے ہیں، جہاں 1 لاکھ 94 ہزار 854 طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ اس مقصد کے لیے ڈویژن بھر میں 547 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
گوجرانوالہ :
گوجرانوالہ میں 2 لاکھ 44 ہزار 717 طلبہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ پہلے روز عربی، فزیالوجی، تاریخِ اسلام اور تاریخِ پاکستان کے پرچے لیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق شفاف امتحانات کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں اور نقل کی روک تھام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔















