ایران جنگ عالمی معیشت کیلئے کورونا جیسا خطرہ بن سکتی ہے،ولادیمیر پوٹن

0
7

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے خبردار کیا ہے کہ امریکااوراسرائیل کی جانب سے ایران کےخلاف جاری جنگ عالمی معیشت کو اسی طرح جھٹکا دے سکتی ہے جیسے کورناوبانے دنیا کو متاثر کیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے یہ بات دارالحکومت ماسکو میں صنعت کاروں اور تاجروں کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی بین الاقوامی پیداوار اور لاجسٹکس کے نظام کو شدید متاثر کر رہی ہے، جبکہ تیل و گیس، دھاتوں، کھادوں اور دیگر اہم شعبوں سے وابستہ صنعتیں براہِ راست اس بحران کی زد میں ہیں۔
پوٹن کے مطابق ابتدائی جائزوں میں اس صورتحال کا موازنہ کورونا وبا سے کیا جا رہا ہے، جس نے عالمی ترقی کی رفتار کو نمایاں طور پر سست کر دیا تھا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو عالمی سپلائی چین مزید متاثر ہوگی اور معاشی غیر یقینی صورتحال میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
روسی صدر نے اپنی حکومت اور توانائی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ تیل کی بڑھتی قیمتوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو غیر محتاط انداز میں خرچ نہ کیا جائے، بلکہ محتاط مالی حکمت عملی اپنائی جائے کیونکہ عالمی منڈی کسی بھی وقت رخ بدل سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں روس نے پابندیوں اور چیلنجز کے باوجود اپنی معیشت کو سنبھالا ہوا ہے، تاہم بدلتی عالمی صورتحال کے پیش نظر ملک کو مزید مضبوط اور متحد رہنے کی ضرورت ہے۔
پوٹن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خودمختاری کے بغیر کسی بھی ملک کے لیے اپنے مفادات کا تحفظ ممکن نہیں، اور یہ اصول معیشت، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور مالیاتی نظام سمیت تمام شعبوں پر لاگو ہوتا ہے۔

Leave a reply