
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کرایوں میں 60 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر پاکستان گڈز الائنس ملک شہزاد کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ ملک میں مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث لاکھوں افراد بے روزگار ہو رہے ہیں، اور اگر فیصلوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مفلوج ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں جس تناسب سے اضافہ کیا گیا ہے، اس کے مطابق کرایوں میں اضافہ ممکن نہیں، بہتر ہے حکومت واضح طور پر کہہ دے کہ ٹرانسپورٹرز اپنا کاروبار بند کر دیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ کیا ہے۔















