گوگل کی طرف سے جی میل میں اے آئی اِن باکس فیچر متعارف

گوگل نے اپنی ای میل سروس جی میل میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا اے آئی اِن باکس فیچر متعارف کروا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق یہ نیا فیچر گوگل کے جدید جیمنائی اے آئی سسٹم کے ساتھ کام کرتا ہے، جو ای میلز کو خودکار طور پر اہمیت کے مطابق ترتیب دیتا ہے، ضروری پیغامات کو نمایاں کرتا ہے اور غیر ضروری ای میلز کو الگ کر کے صارفین کیلئے اِن باکس کو صاف اور قابلِ استعمال بناتا ہے۔
یہ سہولت حاصل کرنے کیلئے صارفین کو گوگل اے آئی الٹرا پلان سبسکرائب کرنا ہوگا، جس کی ماہانہ فیس تقریباً اڑھائی سو ڈالر ہے، جس کے باعث اسے عام صارفین کیلئے مہنگا آپشن قرار دیا جا رہا ہے۔
گوگل نے اس فیچر کو ابتدائی طور پر بیٹا مرحلے میں محدود پیمانے پر متعارف کروایا ہے اور فی الحال یہ صرف منتخب خطوں خصوصاً امریکا میں دستیاب ہے۔
کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا کہ آیا مستقبل میں یہ فیچر کم قیمت پلانز یا مفت صارفین کیلئے بھی دستیاب ہوگا یا نہیں، تاہم یہ پیشرفت اس بات کی عکاسی ہے کہ گوگل اپنی سروسز میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو وسعت دے رہا ہے، تاکہ صارفین کو ای میل مینجمنٹ میں مزید سہولت اور جدید تجربہ فراہم کیا جا سکے۔















