اڈیالہ جیل کا قیدی ہسپتال سے فرار ہونے میں کامیاب ،اہلکاروں پرمقدمہ درج

0
12

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے علاج کی غرض سے اسپتال منتقل کیا گیا ایک سزایافتہ قیدی زیرِ علاج ہونے کے دوران فرار ہو گیا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے قیدی کی شناخت جمیل کے نام سے ہوئی ہے، جو منشیات کے مقدمے میں سزا کاٹ رہا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق قیدی کی نگرانی پر مامور اے ایس آئی عمران احمد اور کانسٹیبل قمر علی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

تحقیقات کے مطابق ملزم جمیل کو اس کا بیٹا عدنان اور ایک نامعلوم شخص وہیل چیئر پر وارڈ سے باہر لے گئے، جہاں سے اسے ایک گاڑی میں بٹھا کر فرار کرا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمیل کے خلاف گزشتہ برس منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہوا تھا، جس میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے اسے 9 سال قید اور ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

حکام کے مطابق مفرور قیدی اور اس کی معاونت کرنے والے افراد کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے میں ممکنہ غفلت یا سہولت کاری کے پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a reply