گلگت میں انتخابات کی تیاریاں مکمل ،پولنگ عملہ اور انتخابی سامان تمام پولنگ اسٹیشنزپرپہنچادیاگیا

0
12

گلگت بلتستان میں کل ہونے والے عام انتخابات خطے کی سیاسی سمت کا تعین کریں گے، جہاں 24 جنرل نشستوں پر 8 خواتین سمیت 400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی مہم 5 جون کی رات 12 بجے ختم ہو چکی ہے، جبکہ پولنگ کے لیے عملہ اور انتخابی سامان تمام پولنگ اسٹیشنز تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

حتمی ووٹر فہرستوں کے مطابق گلگت بلتستان میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 63 ہزار 34 ہے، جن میں 5 لاکھ 6 ہزار 97 مرد اور 4 لاکھ 56 ہزار 937 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی 33 نشستوں پر مشتمل ہے، جن میں 24 جنرل نشستیں، 6 خواتین اور 3 ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستیں شامل ہیں۔

دیامر اور سکردو کو سیاسی طور پر اہم اضلاع قرار دیا جا رہا ہے، جہاں 4، 4 انتخابی حلقے موجود ہیں۔ گلگت، غذر اور گانچھے میں 3، 3 جبکہ نگر اور استور میں 2، 2 حلقے قائم کیے گئے ہیں۔ ہنزہ، شگر اور کھرمنگ میں ایک، ایک انتخابی حلقہ موجود ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق کل ہونے والی ووٹنگ کے نتائج سے یہ واضح ہو جائے گا کہ آئندہ پانچ برسوں کے لیے گلگت بلتستان میں حکومت کس جماعت کی ہوگی۔

Leave a reply