
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ این ایف سی ایوارڈ فارمولے کے تحت وسائل کی تقسیم کے باعث وفاق کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بعض اہم اور اسٹریٹجک منصوبوں کی تکمیل بھی متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے کی حامی نہیں، تاہم تجویز یہ ہے کہ پروگرام سے مستفید ہونے والے افراد کو ادائیگیاں متعلقہ صوبائی حکومتیں کریں، کیونکہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد غربت کے خاتمے سے متعلق پروگرام صوبوں کی ذمہ داری ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں احسن اقبال نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کراچی کو وفاقی انتظام میں دینے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں اور نہ ہی حکومت اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔















