ربیع الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟ فلکیاتی ماہرین نے تاریخ بتا دی

0
6

پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کے چاند کے حوالے سے نئی فلکیاتی پیش گوئی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق یکم ربیع الاول 15 اگست 2026 بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے۔

ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق 14 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی توقع ہے، جبکہ اس حساب سے 12 ربیع الاول، یعنی عید میلاد النبی ﷺ، 26 اگست 2026 بروز بدھ کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کونسل کے سیکریٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے بتایا کہ نیا چاند 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 36 منٹ پر پیدا ہوگا۔ ان کے مطابق 13 اگست (29 صفر) کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، کیونکہ چاند کی عمر کم ہوگی اور غروبِ آفتاب و غروبِ قمر کے درمیان مطلوبہ وقفہ بھی دستیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہی فلکیاتی عوامل کی بنیاد پر توقع ہے کہ صفر کے 30 دن مکمل ہوں گے اور اس کے بعد ربیع الاول کا آغاز ہوگا۔

ہلال ریسرچ کونسل نے واضح کیا کہ یہ تمام اندازے فلکیاتی حساب پر مبنی ہیں، جبکہ ربیع الاول کے چاند اور عید میلاد النبی ﷺ کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔

Leave a reply