
پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات ناکام ہونے کے بعد حکومتی بڑوں کے ایک دوسرے سے رابطے ہوئے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد صدر مملکت، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے رابطے ہوئے ہیں جس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
حکومت اور اپوزیشن مذاکرات سے متعلق وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف زرداری سے رابطہ کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سے مذاکرات کی ناکامی، آئندہ کی حکمت عملی اور لانگ مارچ کی صورت میں مختلف امور پر مشاورت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اپوزیشن سے مذاکرات اور ڈیڈ لاک پر تبادلہ خیال کیا۔
محسن نقوی نے وزیر اعظم کو اہم انتظامی امور پر اعتماد میں لیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ریاست کی عمل داری کو ہر صورت قائم رکھا جائے۔
دریں اثنا رانا ثنا اللہ نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا، اور اپوزیشن سے معاہدہ نہ ہونے کی وجوہات سے آگاہ کیا۔صدر اور وزیراعظم نے جمہوری انداز میں مسائل کے حل کے لیے حکومتی کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مذاکرات کی میزبانی اور سہولت کاری پر خراج تحسین پیش کیا۔















