مسجد الحرام میں عازمین حج کی سہولت کیلئے برقی گاڑیوں کی سہولت متعارف

0
2

لبیک اللھم لبیک،حج سیزن کا آغاز ہو گیا۔ مسجد الحرام میں عازمین حج کی سہولت کیلئے برقی گاڑیوں کی سہولت متعارف، حرمین شریفین انتظامیہ نےمسجد الحرام میں بڑی برقی گاڑیوں کی سہولت کا آغاز کر دیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں یہ سہولت بزرگ اور معذور افراد کے علاوہ تمام عازمین کے مناسک ِ حج کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے متعارف کروائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق برقی گاڑیوں کی سہولت یکساں نقل و حمل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جہاں طواف کیلئے برقی گاڑی 100 ریال میں دستیاب ہے اور اسی قیمت پر سعی کیلئے بھی، جبکہ معذور افراد کیلئے یہ خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے۔نئی گاڑیاں جدید طرز کے ڈیزائن کی حامل ہیں، جو سلامتی اور راحت کو مدنظر رکھتی ہیں اور محفوظ و منظم نقل و حرکت کا ماحول فراہم کرتی ہیں ،جو مسجد الحرام میں حاجیوں کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب میں ڈیٹا اینڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس اتھارٹی ’’سدایا‘‘ کی جانب سے مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین کی سہولت کیلئے 20 ای گیٹس نصب کردیئے گئے ہیں۔
سدایا اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر عازمین حج کو بہتر اور تیز ترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے امیگریشن اور دیگر اداروں کے تعاون سے مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ پر سدایا سینٹر کی ٹیموں کو بھی مستقل بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی مشکل یا سسٹم ڈاون ہونے کی صورت میں فوری طور پراسے درست کیا جاسکے۔مدینہ منورہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد کے ٹرمنل پر اضافی عملے کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ فنگر پرنٹ سکینگ کیلئے جدید ترین سسٹم پر مشتمل 4 حساس یونٹس بھی فراہم کیے گئے ہیں۔

Leave a reply