خیبرپختونخوامیں بارشوں سےتباہی،امدادی کارروائیوں کاہیلی کاپٹرگر کرتباہ ،5 اہلکارشہید

خیبرپختونخوامیں بارشوں نےتباہی مچادی،حکومت کاامدادی سامان لیکرجانے والا ہیلی کاپٹرگرکرتباہ ہونے سے5 اہلکارشہیدہوگئے۔
خیبرپختونخوا حکومت کا امدادی سامان لے جانے والا ہیلی کاپٹر ضلع مہمند کے علاقے چینگی بانڈہ میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹس سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔ہیلی کاپٹر پشاور سے باجوڑ کے متاثرہ علاقے سالارزئی میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے روانہ ہوا تھا، تاہم راستے میں خراب موسم کے باعث اس کا رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ ضلع مہمند میں گر کر تباہ ہو گیا۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے مطابق ہیلی کاپٹر کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہونے کے بعد تلاش کا عمل شروع کیا گیا۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق مہمند کے پہاڑی علاقے میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ MI-17 ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں دو پائلٹ اور عملے کے تین دیگر ارکان شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی میتوں کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا، جبکہ صوبائی حکومت کل یوم سوگ منائے گی اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا اور ایک دوسرا ہیلی کاپٹر اس وقت بونیر میں جاری ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔