علی امین گنڈاپوروزارت اعلیٰ مستعفی،استعفیٰ گورنرکو منظوری کیلئے ارسال کردیا

0
8

علی امین گنڈاپوروزارت اعلیٰ مستعفی ہوگئے، استعفیٰ گورنرفیصل کریم کنڈی کو منظوری کیلئے ارسال کردیا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی اور عہدے سے ہٹائے جانے کی خبر کی تصدیق ہونے کے بعد علی امین گنڈا پور نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
ترجمان گورنر ہاؤس نے علی امین گنڈاپور کااستعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
ترجمان گورنرہاؤس نے بتایا کہ گورنرجائزہ لے کر وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور کریں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اپنا استعفیٰ بھی سوشل میڈیا پر شیئرکردیا۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں لکھا کہ قائد عمران خان کے حکم کی تعمیل میں وزارتِ اعلیٰ چھوڑ رہا ہوں، وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی، استعفیٰ قیادت کے فیصلے پر دیا، جب عہدہ سنبھالا تو صوبہ مالی بحران اور دہشتگردی کے سنگین چیلنجز سے دوچار تھا۔
انہوں نے لکھا کہ ڈیڑھ سال میں صوبے کو مالی استحکام کی راہ پر گامزن کیا، دہشت گردی کے خلاف جرات اور حوصلے سے اقدامات کیے، عمران خان کی رہنمائی میں صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کیے۔
گنڈا پور نے لکھا کہ عمران خان، پارٹی کارکنان، کابینہ ارکان، پارٹی اراکین اسمبلی اور بیوروکریسی کا شکر گزار ہوں، تمام چیلنجز کے باوجود عوام کی خدمت خلوص نیت سے کی، میں ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں فیصلے کرتا رہا ہوں۔

Leave a reply