موسم سرما کی پہلی برفباری: چترال آنیوالے سیاحوں کامزہ دوبالا

سیاحوں کیلئے خوشخبری،چترال میں موسم سرما کی پہلی برفباری، وادی میں آئے سیاحوں کا مزہ دوبالا ہو گیا۔
قدرتی حسن سےمالا مال وادی ٔچترال سیاحتی نقطہ نظر سے خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔یہاں کے بلند و بالا برف پوش پہاڑ، دریا، ندیاں ، آبشاریں، جھرنے اور سرسبز و شاداب وادیاں سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑلیتی ہیں۔ پاکستان کے انتہائی شمالی کونے میں واقع اور رقبے کے لحاظ سے صوبہ خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن کا سب سے بڑا ضلع چترال فطری حسن کا ایک شاہکار علاقہ ہے ، جو اپنی مخصوص پُر کشش ثقافت اور تہذیب کے حوالے سے بھی ملکی و غیر ملکی سیاحوں میں مقبول ہے۔
چترال کو سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے اوردریائے چترال کے قرب و جوار کا علاقہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے،یہی وجہ ہے کہ چترال کو دیکھنے کی غرض سے دنیابھر سے ہر سال ہزاروں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں ۔چترال میں موسم سرما کے دوران ہونیوالی برفباری سیاحوں کیلئے دعوت ِ نظارہ ہوتی ہے، جسے دیکھنے کیلئے ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد ان دنوں وادیٔ چترال پہنچی ہوئی ہے۔