کوئٹہ کیلئے چین سے خریدی 21 جدیدبسیں کراچی پہنچ گئیں

جدید سفری سہولت کے حوالے سے اہم پیشرفت،کوئٹہ کیلئے چین سے خریدی 21 بسیں کراچی پہنچ گئیں۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے چین سے 81 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدی گئی 21 جدید بسیں کراچی بندرگاہ پر پہنچ گئی ہیں۔
بسیں بلوچستان کے مختلف شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے استعمال کی جائیں گی، جس سے صوبے کے عوام کو سفر کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ یہ بسیں چین کی ایک معروف کمپنی سے حاصل کی گئی ہیں اور ان کی خریداری کا معاہدہ چند ماہ قبل طے پایا تھا۔
بسیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں، جن میں ایئر کنڈیشنڈ سسٹم، آرام دہ سیٹیں، سکیورٹی کیمرے اور ماحول دوست انجن شامل ہیں۔
ہر بس کی اوسط لاگت تقریباً 3.85 کروڑ روپے ہے، جو مجموعی طور پر 81 کروڑ روپے بنتی ہے اور یہ خریداری بلوچستان حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کا حصہ ہے جس کا مقصد صوبے کے دور دراز علاقوں کو مرکزی شہروں سے جوڑنا ہے۔