عمران خان کی بینائی کو خطرہ؟ اہلخانہ کی فوری علاج کی اپیل

عمران خان کی بینائی کو خطرےکےباعث اہلخانہ نے عدالتوں، متعلقہ حکام اور بااختیار حلقوں سے فوری علاج کی اپیل کی ہے۔
عدالت میں پیش کی گئی میڈیکل رپورٹ کےمطابق عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبر ان کی آنکھ کی بینائی میں مزید خرابی کے خدشے اور اس کے بچاؤ کے لیے فوری توجہ کی متقاضی ہے۔عمران خان نے گزشتہ نو سو سے زائد دنوں میں کبھی اپنے لیے کچھ نہیں مانگا۔ وہ ہمیشہ عوام کے حقوق کی بات کرتے رہے ہیں اور آج بھی پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے سوا کچھ نہیں چاہتے۔ان کی آنکھ کی بیماری فوری علاج اور خصوصی توجہ کی طالب ہے۔
اس میڈیکل رپورٹ کے بعد بھی اگر عدالتوں، متعلقہ حکام یا بااختیار حلقوں کی جانب سے غفلت برتی جاتی ہے تو یہ تشویشناک ہوگا۔ سوال یہ ہے کہ اگر کسی قیدی کو ہنگامی علاج کی ضرورت ہو تو کیا اس میں بھی تاخیر کی جاتی ہے؟ کیا جیلوں اور قیدیوں سے متعلق قوانین پر عمل ہو رہا ہے؟
خاندان کے مطابق یہ صورتحال ان کے لیے شدید اذیت کا باعث بن رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عدلیہ اور جیل حکام سمیت تمام متعلقہ افراد کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور اس معاملے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر آنکھ میں خون کا لوتھڑا (کلاٹ) موجود ہو تو اس کے دیگر طبی خطرات بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے فوری طبی معائنہ ناگزیر ہے۔
اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کا ان کے معالج سے فوری چیک اپ کرایا جائے اور آنکھ کے علاج کے لیے بہترین ریٹینا سپیشلسٹ کی خدمات فراہم کی جائیں۔















