انسٹاگرام پروفائل میں میوزک شامل کرنے کا فیچر متعارف
انسٹاگرام صارفین کیلئے خوشخبری ،پروفائل میں میوزک شامل کرنے کا فیچر متعارف ، معروف سوشل میڈیا ایپلی کیشن پر خاموشی سے دلچسپ فیچر پیش کردیا گیا، جسے صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
انسٹاگرام نے دو دہائیاں پرانے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا کہ مائی سپیس اور آرکٹ وغیرہ میں موجود فیچر کو پیش کیا ہے، جس کے تحت صارفین اب اپنے پروفائل میں گانے کو بھی شامل کر سکیں گے۔ اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں اس فیچر تک بہت زیادہ صارفین کو رسائی دی گئی ہے۔
فیچر کے تحت جہاں صارفین اپنی پروفائل میں مختلف معلومات فراہم کرتے ہیں، وہیں وہ اپنا پسندیدہ گانا بھی شامل کر سکیں گے۔فوری طور پرصارفین صرف ایک ہی گانا شامل کر سکیں گے، گانے کو شامل کرنے کے بعد مذکورہ گانے کا 30 سیکنڈ کا کلپ لنک کا حصہ بن جائے گا اور اسے کلک کرنے پر گانا شروع ہوگا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے صارفین کو اپنی پروفائل ایڈٹ سیٹنگ میں جاکر اپنی معلومات میں میوزک کو شامل کرنا ہوگا۔فیچر کے تحت جیسے ہی صارفین ایڈ ٹو میوزک پروفائل پر کلک کریں گے تو ان کے سامنے گانوں کی ونڈو کھلے گی، جہاں وہ سرچ کرکے اپنی پسند کا گانا پروفائل کا حصہ بنا سکیں گے۔