ایران اور اسرائیل کاجنگ بندی پر اتفاق،ٹرمپ نے اعلان کردیا

0
13

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نےاعلان کیاہےکہ ایران اوراسرائیل جنگ بندی کےلئےراضی ہوگئےہیں۔
12روزہ ایران اور اسرائیل جنگ کا خاتمہ ہوگیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل جنگ بندی کا اعلان کیا۔ صدر ٹرمپ کو پاکستان اور بھارت کے مابین جنگ بندی کروانے کے بعد ایک اور کامیابی مل گئی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہےکہ سب کو مبارک ہو، اسرائیل اور ایران کے درمیان مکمل جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اسرائیل پہلے اپنے جاری آخری مشن مکمل کریں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ باضابطہ طور پر جنگ بندی کا آغاز پہلے ایران کرے گا اور 12ویں گھنٹے پر اسرائیل بھی جنگ بندی شروع کردے گا جبکہ 24ویں گھنٹے پر ’12 روزہ جنگ‘ کے خاتمے کو دنیا بھر میں باقاعدہ طور پر تسلیم کیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ جنگ بندی کے دوران دونوں فریق پرامن اور باعزت رویہ اختیار کریں گے۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ بندی کے معاہدے میں قطر نے اہم سفارتی کردار ادا کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے اس معاہدے کو طے کروانے میں براہ راست مداخلت کی۔
قطری وزیر اعظم نے ایرانی حکام سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جو اُس وقت خاص طور پر اہمیت اختیار کر گیا جب ایران نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں، بشمول قطر میں موجود اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ جو لوگ ایرانی عوام اور ان کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں یہ قوم ایسی نہیں ہے جو ہتھیار ڈال دے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران نے کسی کو نقصان نہیں پہنچایا اور وہ کسی بھی حالت میں کسی کی جارحیت قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہم نے کسی سے زیادتی نہیں کی، کسی کی زیادتی کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرتے، ہم کسی کی زیادتی کے آگے ہرگز سر نہیں جھکائیں گے، یہ ایرانی قوم کی منطق ہے۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ ایرانی عوام اور ان کی تاریخ سے واقف ہیں، وہ جانتے ہیں یہ قوم ایسی نہیں ہے جو ہتھیار ڈال دے۔
ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران نے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کردیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق جنگ بندی سے قبل اسرائیلی مقبوضہ علاقوں پر میزائل حملے کیے گئے جس سے 3 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ رات گئے ایران نے آپریشن بشارت الفتح کا آغاز کرتے ہوئے قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل داغ دیے تھے ۔ قطر نے تصدیق کی  ہے کہ ایران کی جانب سے کل 19 میزائل داغے گئے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو مار گرایا گیا، ایک میزائل کو آزاد چھوڑا گیا کیونکہ وہ خطرناک سمت میں نہیں جارہا تھا۔
قطری حکام نے بتایا کہ صرف ایک میزائل العديد ایئر بیس پر گرا، تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ ہماری افواج ہر حملے کا جواب دینے کے لیے خون کے آخری قطرے تک تیار ہیں، دشمن کے حملوں کا جواب دینے کے لیے افواج آخری لمحے تک سرگرم رہیں۔

Leave a reply