بارشوں اورفلش فلڈسےجانی ومالی نقصانات کی رپورٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے)نےبارشوں اور فلش فلڈ کے باعث خیبرپختونخواکے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ۔
پی ڈی ایم اےکی رپورٹ کےمطابق خیبرپختونخوامیں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 358 افراد جاں بحق اور 181 افراد زخمی ہوے۔جاں بحق افراد میں 287 مرد، 41 خواتین اور 30 بچے شامل جبکہ زخمیوں میں 144 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایاگیاکہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 780 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 431 گھروں کو جزوی اور 349 گھر مکمل منہدم ہوئے۔سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر 225 افراد جابحق ہوئے۔یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لویر ، بٹگرام اور صوابی میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں 17 سے 19اگست کے دوران شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا جبکہ بارشوں کا موجودہ سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈ ی ایم اےکی جانب سےمتاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کاکہناہےکہ ادارے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔