سیاحوں کیلئے خوشخبری :نیو مری پتریاٹہ چیئر لفٹ بحال کردی گئی

0
34

گرمی بڑھتے ہی اور موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز ہوتے ہی سیاحوں کی بڑی تعداد نے ملکہ کوہسار مری کا رخ کرلیا۔

مری شہر سے تقریباً 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع پتریاٹہ جسے نیو مری بھی کہا جاتا ہے، ان دنوں سیاحوں کی پسندیدہ مقام بنا ہوا ہے ۔نیو مری پتریاٹہ اپنی چیئرلفٹ کے حوالے سے سیاحوں میں بہت مقبول ہے۔ ملکہ کوہسار مری کا یہ سیاحتی مقام اپنے فطری حسن اور قدرتی خوبصورتی سے مالا مال نظاروں کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ملک بھر سے ہزاروں سیاح یہاں کے خوبصورت نظاروں اور پتریاٹی چیئر لفٹ سے لطف اندوز ہونے کیلئے یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ ریجنل منیجر پتریاٹہ چیئر لفٹ معظم نذیر کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے پتریاٹہ کیبل کار کو بحال کر دیا گیا ہے، اب سیاحوں کیلئے پتریاٹہ کیبل کار مکمل طور پر فعال ہے۔

پتریاٹہ کیبل کار گزشتہ کئی مہینوں سے بوجہ خرابی سیاحوں کیلئے بند تھی، جسے ضروری مرمت کے بعد اب سیاحوں کیلئے بحال کر دیا گیا ہے، سیاحوں نے کیبل کار کی بحالی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چیئر لفٹ انتظامیہ سیاحت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کرے گی۔

پتریاٹہ کی چیئر لفٹ کا شمار دنیا کی جدید ترین چیئر لفٹس میں ہوتا ہے اور اس چیئر لفٹ کا کُل فاصلہ 7 کلومیٹر ہے ۔ گلہرہ گلی سے شروع ہونیوالی اس چیرلفٹ کا سفر اپنے اندر ایک خوبصورت تجربہ اور دل کشی لیے ہوئے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ملکہ کوہسار مری آنیوالے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد پتریاٹہ ٹاپ کا رخ ضرور کرتی ہے۔

Leave a reply