عمران خان کیخلاف ہتکِ عزت کاکیس: وکیل کی غیر حاضری پر عدالت برہم

بانی پی ٹی آئی عمران خان کےخلاف ہتکِ عزت کےکیس میں وکیل کی غیر حاضری پر عدالت نےبرہمی کااظہارکیا۔
لاہورکی سیشن کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے دعوے پر سماعت ہوئی۔
سماعت کے آغاز پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ اس پر شہباز شریف کے وکیل نے استفسار کیاوہ کب پیش ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کےوکیل نے عدالت سے استدعا کی عدالت کارروائی کا آغاز کرے، ہم گزشتہ آدھے گھنٹے سے منتظر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف خصوصی طور پر قطر سے اس کیس کے لیے آئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف بذریعہ ویڈیو لنک عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت میں حلف لیا۔
انہوں نے کہااللہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں، جو بھی گواہی عدالت میں دوں گا وہ سچ پر مبنی ہوگی۔ اگر میں اس عدالت سے کچھ چھپاؤں، تو اللہ مجھ سے ناراض ہو۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی غیر حاضری پر وزیراعظم کا ردِعمل بھی سامنے آیا۔انہوں نے جج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاجج صاحب! آپ کو قانون اجازت دیتا ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ میں سنجیدگی سے عدالت میں پیش ہوا ہوں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بانی کے وکیل نے گزشتہ عدالتی حکم کے تحت پانچ مرتبہ سماعت ملتوی کروانے کی درخواست دی۔
میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر اجلاس میں مصروف تھا، مگر کچھ دیر کے لیے میٹنگ ملتوی کر کے عدالت میں حاضر ہوا ہوں۔
سماعت کے دوران بالآخر بانی پی ٹی آئی کے وکیل محمد حسین عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔