لوک ورثہ میں ’’ردہم آف انڈس‘‘ تقریب کا انعقاد

0
81

پاکستان ٹوڈے: لوک ورثہ اسلام آباد میں ’’ردہم آف انڈس‘‘ کے عنوان پر تقریب کا انعقاد۔

تفصیلات کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسندھ کے وزیر سیاحت، ثقافت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کی ثقافت، محبتوں کی امین ہے، یہاں سے 5 ہزار سال قبل کی دریافت میں آج تک کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا ، لسبیلہ سے تربانیہ تک سندھی زبان بولی جاتی تھی۔

سندھی شاہ عبدالطیف بھٹائی، لعل شہباز قلندر، سچل سرمست اور پانچ ہزار سالہ قدیم پر امن تہذیب و ثقافت کے وارث ہیں اور سندھی ثقافت و تہذیب کو آنیوالی نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ اردو ہماری قومی زبان ہے، جس طرح اردو زبان نے تمام صوبوں کی زبانوں کو آپس میں جوڑا ہوا ہے، اسی طرح ہم تمام زبانیں بولنے والے ایک پاکستانی ہیں اور بحیثیت پاکستانی ہم میں کوئی فرق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا بچپن کلر کہار کی پہاڑیوں اور جہلم میں گزرا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں مکلی، کینجھر، کوٹ ڈیجی، موہنجو دڑو، ننگرپارکر و تھرپارکر سمیت کئی اہم تاریخی و سیاحتی مقامات موجود ہیں۔

تاریخ، سیاحت و ثقافت سے محبت رکھنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو چاہیے کہ وہ سندھ کے تاریخی سیاحتی و ثقافتی مقامات کا دورہ کریں اور اپنے وی لاگز، اپنی تحریروں اور سفرناموں کے ذریعے اپنی پرامن تاریخ، ثقافت و سیاحت کو دنیا بھر میں فروغ دیں۔

Leave a reply