نازیہ حسن آج زندہ ہوتی، تو59 ویں سالگرہ مناتی

0
39

لاہور(کاظم جعفری ) پاکستان کی پہلی پاپ سنگر اورمیلوڈی کوئن نازیہ حسن کے مداح آج ان کی59 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور ان کا انتقال 13 اگست2000کو لندن کے ایک ہسپتال میںصرف 35برس کی عمر میںکینسر کے باعث ہو ا۔نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونیوالے بچوں کے ایک پروگرام ’’کلیوں کی مالا‘‘ سے کیا، جس میں انہوں نے اپنا پہلا گانا’’دوستی ایسا ناتا‘‘ گایا تھا۔

نازیہ حسن اپنے شوخ چنچل اور منفرداندازِ گائیکی کی وجہ سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں بہت جلد اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئیں۔نازیہ حسن کو بالی وڈ فلم ’’قربانی‘‘ کیلئے گائے گانے ’’آپ جیسا کوئی، زندگی میں آئے، تو بات بن جائے‘‘ سے عالمی شہرت ملی۔ وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

نازیہ حسن اور ان کے بھائی زوہیب حسن کی جوڑی 80 کی دہائی میں جنوبی ایشیا میں جدید موسیقی کے انقلاب کا باعث بنی۔یہ دونوں اس خطے میں پاپ میوزک کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ بہن بھائی کی اس جوڑی نے خطے میں نصف صدی سے رائج موسیقی کی روایت بدل ڈالی، کیونکہ1931 میں پہلی بولتی فلم ’’عالم آرا‘‘ سے لیکر 1980 تک جتنے بھی تجربات کیے گئے تھے، نازیہ حسن کی آواز اور اس کے ساتھ ساز بجانے کا تجربہ ایک خوبصورت اور منفرد میوزک ثابت ہوا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ ملکر پاکستان میں پاپ موسیقی کو بام عروج پر پہنچایا۔ نازیہ حسن کا شہرہ آفاق البم’’ ڈسکو دیوانے1982 میں ریلیز ہوا، جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔نازیہ حسن کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی و دیگرشامل ہیں۔ یہ گانے آج بھی نازیہ حسن کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

مصنف

Leave a reply