ڈاکٹرانور سجاد کو ہم سے بچھڑے 5 برس بیت گئے

0
46

ڈاکٹرانور سجاد کو ہم سے بچھڑے 5 برس بیت گئے ۔

وہ جدید افسانہ و ڈراما نگار،ایک ماہر مصور، اداکار، مترجم اور براڈکاسٹر ہونے کیساتھ پیشے کے اعتبار سےایم بی بی ایس ڈاکٹر تھے۔ ڈاکٹر انور سجاد 27 مئی 1935کو چونا منڈی ،لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے ڈاکٹریٹ،جبکہ ڈی ٹی ایم اینڈ ایچ کا امتحان لندن سے پاس کیا۔

ڈاکٹر انور سجاد کا پہلا ناولٹ رگ سنگ 1955 میں شائع ہوااور اسی سال انہوں نےپاکستان ٹیلی ویژن کیلئے ڈرامے لکھنا شروع کیے اور بعض ڈراموں میں بطور ادا کار بھی حصہ لیا۔ڈاکٹر انور سجاد کوڈراما سیریل صبا اور سمندر میں بہترین اداکاری کیلئے پی ٹی وی ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کیا گیا۔

ڈاکٹر انور سجاد کی اہم تصانیف میں استعارے، آج، پہلی کہانیاں ، چوراہا، خوشیوں کا باغ کو ادبی حلقوں میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی۔ڈاکٹر انورسجاد1970 میں لاہور کی معروف ادبی تنظیم حلقہ ارباب ذوق کے سیکرٹری بھی منتخب ہوئےاور کچھ عرصہ لاہور آرٹس کونسل کے چیئرمین بھی رہے۔

انہوں نے وفات سے قبل نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کیلئے بھی کام کیا، تاہم ذاتی وجوہ کی بنا پر یہ ملازمت چھوڑ دی ۔ڈاکٹر انورسجاد کو 1989 میں ان کی ادبی و ثقافتی خدمات کے صلے میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا ۔انہوں نے6 جون 2019 کو لاہور میں84 برس کی عمر میںوفات پائی،آج ان کی 5 ویں برسی ہے

Leave a reply