آئی فون 17 کے ایپل انٹیلی جنس فیچر میں بگ کی اطلاعات

ایپل صارفین کیلئے اہم معلومات،آئی فون 17 کے متعارف کردہ چاروں ماڈلز میں سافٹ وئیر بگ کی اطلاعات ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 کے متعدد صارفین کو اپنے فونز میں ایپل انٹیلی جنس اے آئی فیچرز ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔اطلاعات ہیں کہ فون کی سٹوریج میں موجود اے آئی فیچرز کو انسٹال کیے جانے کے باوجود بھی یہ فیچرز ڈیوائس پر کام نہیں کررہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل انتظامیہ اس بگ سے واقف ہے اور مسئلے کو حل کرنے پر کام کررہی ہے۔اس سے قبل صارفین نے آئی فون 17 ائیر، 17 پرو اور 17 پرو میکس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے شکایات کی تھیں کہ یہ بہت آسانی سے خراشوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔
دوسری طرف ایک یوٹیوب ویڈیو میں آئی فون 17 ماڈلز کو چاقو، سکریو ڈرائیور، لائٹرز، سکوں اور چابیوں سے جانچا گیا۔ویڈیو میں ثابت کیا گیا ہے کہ اورنج اور بلیو رنگوں کے آئی فون 17 پرو ماڈلز بہت آسانی سے خراشوں سے متاثر ہو جاتے ہیں، جبکہ ایپل نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیوائسز کے بیک پر موجود سرامکس شیلڈ خراشوں سے بچانے کیلئے 3 گنا زیادہ تحفظ فراہم کرتی ہے۔