
نائب وزیراعظم ووزیرخارجہ اسحاق ڈارکی چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے،دونوں رہنماؤں نےخطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو واحد مؤثر راستہ قرار دیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کی کوششیں اس کے اصولی مؤقف کی عکاسی کرتی ہیں۔
چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو دونوں ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور اس کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک نے خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔















