الیکشن ٹربیونل کی تشکیل: لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے معطل
سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کی تشکیل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے معطل کردیئے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے الیکشن ٹربیونلزکی تشکیل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن کی اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر نے کہا کہ نیاز اللہ نیازی جن کے وکیل ہیں انہوں نے فریق بننے کی استدعا کر رکھی تھی، عدالت نے فریق بننے کی استدعا منظور کر لی تھی۔ چیف جسٹس نے سلمان اکرم سے سوال کیا کہ کیا آپ نے مجھ پر اعتراض کیا تھا؟ اس پر سلمان اکرم نے جواب دیا میں نے اپنی ذاتی حیثیت میں اعتراض نہیں کیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو بہت سکینڈلائز کیا جاچکا ہے، اب بہت ہوچکا، کیوں نہ نیاز اللہ نیازی کا کیس ڈسپلنری ایکشن کیلئے پاکستان بار کو بھیجیں؟ گذشتہ سماعت پر 2 رکنی بینچ کا سربراہ بھی میں تھا تب اعتراض کیوں نہ کیا؟ بینچ اب میں اکیلا نہیں بلکہ پوری کمیٹی بناتی ہے، جب ایک بندہ بینچ بناتا تھا تب کبھی اعتراض نہیں کیا گیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ہمیں کمیٹی نے بینچ میں ڈالا ہے، کیا یہاں بےعزتی کرانے بیٹھے ہیں؟ ہم 3 ارکان بینچ میں بعد میں شامل ہوئے، بظاہر اعتراض مجھ پر ہے اس پر نیاز اللہ نیازی نے جواب دیا ہمیں آپ پر اعتراض نہیں۔ نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ پہلی سماعت میں ہم فریق نہیں تھے، جو شخص جیل میں ہے اس کا بھی اعتراض ہے، میں اپنے موکل کے کہنے پر اعتراض کر رہا ہوں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ جس شخص کا ذکر کررہے ہیں وہ جیل سے ویڈیو لنک پر پیش ہوچکا ہے اور انہوں نے بینچ پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ بینچ پر اعتراض اٹھا کر ہیڈ لائنز بنوانا چاہتے ہیں، سپریم کورٹ کو سیکنڈلائز کرنے والے وکیل کا لائسنس معطل کریں گے، ایسا نہیں ہوسکتا جو منہ میں آئے کہہ دیں، بس آپ لوگ کیس خراب کرنا چاہتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے بینچ پر نیاز اللہ نیازی کا اعتراض مسترد کرکے کیس سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ عدالت نے کچھ دیر بعد ہی فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کی تشکیل سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے حلف کے فوری بعد الیکشن کمیشن اور ارکان چیف جسٹس سے بامعنی مشاورت کریں۔ الیکشن کمیشن اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے درمیان کمیونیکیشن نہیں ہوئی، سپریم کورٹ نے معاملہ چیف جسٹس ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کی مشاورت پر چھوڑ دیا۔
Leave a reply جواب منسوخ کریں
اہم خبریں
پاکستان ٹوڈے ڈیجیٹل نیوز پر شائع ہونے والی تمام خبریں، رپورٹس، تصاویر اور وڈیوز ہماری رپورٹنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔ ان کو پبلش کرنے سے پہلے اسکے مصدقہ ذرائع کا ہرممکن خیال رکھا گیا ہے، تاہم کسی بھی خبر یا رپورٹ میں ٹائپنگ کی غلطی یا غیرارادی طور پر شائع ہونے والی غلطی کی فوری اصلاح کرکے اسکی تردید یا درستگی فوری طور پر ویب سائٹ پر شائع کردی جاتی ہے۔