الیکشن 2024: پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

0
222

پاکستان ٹوڈے کے مطابق ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور غیر سرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کا وقت شام 5 بجے تک برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام پولنگ اسٹیشنزکے دروازے شام 5 بجے بند کر دیے جائیں گے تاہم 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج 6 بجے کے بعد نشر ہو سکیں گے۔

اگر آپ پاکستان ٹوڈے کی ویب سائٹ پر پاکستان کے 2024 کے انتخابی نتائج دیکھنا چاہتے ہیں تو پاکستان ٹوڈے ویب سائٹ پر کلک کریں۔

عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدواروں نے حصہ لیا جن کی تعداد 17 ہزار 816 ہے۔

عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کو قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر دیا گیا، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم تھا۔

مختلف شہروں میں جھگڑے اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی
پنجاب میں گوجرنوالہ، چکوال اور صادق آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران 10 افراد زخمی ہوئے جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران دو افراد جبکہ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد میں بھی جھگڑے کے دوران 3 افراد زخمی ہوئے۔

نواز شریف، زرداری اور بلاول نے کہاں ووٹ کاسٹ کیے؟

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں ووٹ کاسٹ کیا، نواز شریف کے ہمراہ مریم نواز بھی تھیں۔

آصف علی زرداری نے نوابشاہ میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 207 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو میں این اے 194 میں ووٹ کاسٹ کیا۔

استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے لودھراں کے بنیادی مرکز صت 12 ایم پی آر میں ووٹ کاسٹ کیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کی گئی ہے۔

موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ہی مختلف شہروں میں مختلف شہروں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کر دی گئی جو پولنگ کا وقت ختم ہونے تک معطل رہی۔

 

سیاسی جماعتوں کیلئے خصوصی ہدایات

الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کیلئے خصوصی ہدایات کے تحت پولنگ اسٹیشن کے اردگرد 400 میٹر تک کسی بھی قسم کی مہم کی اجازت نہیں ہوگی۔

نیز اسی حدود میں ووٹرز کو قائل کرنے پر اور ان کو ووٹ ڈالنے اور نہ ڈالنے کی التجا کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کے کیمپ دیہی آبادیوں میں پولنگ اسٹیشن سے 400 میٹر اور گنجان آبادیوں والے شہری علاقوں میں 100 میٹر کے فاصلے پر ہوں گے۔

Leave a reply