امریکی شٹ ڈاؤن بحران شدت اختیار کر گیا،ناساکے15ہزارملازمین فارغ

0
7

امریکی حکومت کا شٹ ڈاؤن بحران شدت اختیار کر گیا،ناسا کی سرگرمیاں معطل ہونےکےباعث 15 ہزار ملازمین فارغ ہوگئے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ فنڈز کی معطلی کے باعث ادارے کی تمام معمول کی سرگرمیاں فوری طور پر روک دی گئی ہیں، اور 15 ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق صرف محدود اسٹاف کو ڈیوٹی پر رکھا گیا ہے تاکہ خلا میں موجود خلابازوں اور حساس مشنز کی نگرانی جاری رکھی جا سکے اور انہیں کسی ممکنہ خطرے سے بچایا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق موجودہ حکومتی شٹ ڈاؤن کے باعث 7.5 لاکھ سے زائد وفاقی ملازمین متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کانگریس کی لائبریری اور کیپیٹل ہل کو بھی عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ایئر ٹریول، سائنسی تحقیق اور مختلف عوامی سروسز بھی معطل کر دی گئی ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر بحران جلد ختم نہ ہوا تو مزید بڑے پیمانے پر برطرفیاں ہو سکتی ہیں۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ فی الحال یہ کہنا مشکل ہے کہ شٹ ڈاؤن کب تک جاری رہے گا۔
جبکہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے عندیہ دیا ہے کہ اگر صورتحال یوں ہی رہی تو آنے والے دنوں میں ہزاروں مزید ملازمین اپنی ملازمتوں سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔یہ بحران اُس وقت شدت اختیار کر گیا جب امریکی سینیٹ نے عارضی فنڈنگ بل مسترد کر دیا۔ریپبلکن اور ڈیموکریٹس اس تعطل کے لیے ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں۔

Leave a reply