انتیس گھنٹے کی دنیا کی طویل ترین پرواز اڑان بھرنے کیلئے تیار

دنیا کی طویل ترین پرواز اڑان بھرنے کیلئے تیار،اگر آپ کسی طیارے میں 29 گھنٹے طویل سفر کرنا چاہتے ہیں، تو ایک چینی فضائی کمپنی بہت جلد اس کو حقیقت بنانیوالی ہے۔
چائنا ایسٹرن ائیر لائنز نے شنگھائی اور بیونس آئرس کے درمیان نئے روٹ کی ٹکٹوں کو فروخت کرنا شروع کر دیا ۔
کمپنی کے مطابق یہ دنیا کی طویل ترین ڈائریکٹ پرواز ہوگی۔جو شنگھائی کےپڈونگ Pudong انٹرنیشنل ائیرپورٹ (پی وی جی) سے روانہ ہوکر بیونس آئرس کے منسٹرو پسٹارینی Ministro Pistarini انٹرنیشنل ائیرپورٹ (ای زی ای) تک 25.5 گھنٹوں میں پہنچے گی،مگر جب یہ واپس شنگھائی آئے گی تو پرواز کا دورانیہ 29 گھنٹے طویل ہوگا،تاہم یہ دنیا کی طویل ترین نان سٹاپ پرواز نہیں ہوگی، بلکہ یہ راستے میں نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں 2 گھنٹے قیام کرے گی۔
اس لیے اسے طویل ترین ڈائریکٹ پرواز تو کہا جاسکتا ہے، مگر نان سٹاپ پرواز نہیں۔دنیا کی طویل ترین نان سٹاپ پرواز کا اعزاز سنگاپور ائیرلائنز کے پاس ہے۔اس فضائی کمپنی کے زیرتحت سنگاپور اور نیویارک کے درمیان 9537 میل طویل پرواز لگ بھگ 19 گھنٹے میں کسی جگہ رکے بغیر اپنی منزل تک پہنچتی ہے۔















