انسٹا گرام پر 3 منٹ طویل ریلز ویڈیو پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف

0
17

انسٹا گرام صارفین کیلئے بڑی خوشخبری،معروف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 3 منٹ کی طویل ریلز ویڈیو پوسٹ کرنے کا فیچر متعارف،اب تک انسٹا گرام ریلز میں 90 سیکنڈ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنا ممکن تھا ،مگر اب اس دورانیے کو دوگنا بڑھایا جا رہا ہے۔انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے صارفین کو نوید سنا دی۔
انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری کا کہنا ہے کہ صارفین کی جانب سے مسلسل شکایت کی جارہی تھی کہ 90 سیکنڈز کا وقت بہت کم ہے۔حیران کن بات یہ ہے کہ جولائی 2024 میں ایڈم موسیری نے کہا تھا کہ انسٹا گرام میں طویل ویڈیوز کے فیچر پر توجہ مرکوز نہیں کی جائے گی، کیونکہ ایسا کرنے سے پلیٹ فارم کا لوگوں کو دوستوں سے ملانے کا اصول متاثر ہوگا۔
انسٹا گرام کی جانب سے طویل ویڈیوز کا فیچر ایسے وقت متعارف کرایا گیا ہے، جب امریکا سمیت کئی ممالک میں ٹک ٹاک کو مختلف پابندیوں کا سامنا ہے، کیونکہ ٹک ٹاک پر صارفین کو 2021 سے 3 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا آپشن دستیاب ہے، تاہم انسٹا گرام کی جانب سے ریلز کے دورانیے میں بہت سست روی سے اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ 2 سال قبل میٹا کی زیر ملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام میں ریلز کا دورانیہ 90 سیکنڈ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ایک موقع پر کمپنی کی جانب سے 10 منٹ کی طویل ریلز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی، مگر پھر اس پر کام روک دیا گیا۔یہی وجہ ہے کہ انسٹا گرام پر 3 منٹ کی طویل ریلز ویڈیو پوسٹ کرنے کی سہولت ملنے پر صارفین کی طرف سے اظہار مسرت کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply