ایلون مسک نے جرمنی میں مستقبل کا سائبر ٹرک متعارف کرا دیا

0
78

پاکستان ٹوڈے: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کے مالک اور الیکٹرک کاریں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے جرمنی میں مستقبل کا سائبر ٹرک متعارف کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا نے جرمنی میں مستقبل کا سائبر ٹرک متعارف کرا دیا ہے۔ 3.1 ٹن وزنی، 5.68 میٹر لمبا یہ ٹرک برلن کے ایک شاپنگ سینٹر میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اس ٹرک کو برلن کی معروف پوٹسڈامر پلاٹس پر نمائش کے لیے رکھا گیا، ٹیسلا کا تیار کردہ یہ سائبر ٹرک جرمن عوام کے لیے نمائش کی پہلی پیشکش ہے، ارب پتی ٹیکنالوجی ٹائیکون ایلون مسک کی ملکیت کار ساز کمپنی ٹیسلا کی فیکٹری برلن سے متصلہ علاقے برانڈنبرگ میں گرؤن ہائڈے کے مقام پر واقع ہے۔

اس کمپنی کے مطابق ماضی میں ٹیسلا کے اس سائبر ٹرک کی نمائش محض فیکٹری میں ہی کی گئی تھی۔ٹیسلا کے اس سائبر ٹرک کی برلن میں نمائش دراصل اس کے یورپ کے ٹور کی پہلی منزل ہے، دارالحکومت برلن کے بعد اسے ڈسلڈورف، فرینکفرٹ، ہیمبرگ، ہینوور، میونخ اور اشٹٹ گارٹ میں بھی نمائش کے لیے رکھا جائے گا، ٹیسلا کمپنی کو ابھی تک یورپ میں اپنے سائبر ٹرک کے استعمال کی اجازت نہیں ملی۔

اس بارے میں کمپنی نے کسی قسم کی کوئی اطلاعات فراہم نہیں کیں کہ آیا اسے جرمنی اور دیگر یورپی ممالک میں استعمال کی اجازت کب دی جائے گی۔ ٹیسلا کے اس سائبر ٹرک کوجرمنی میں سڑکوں پر چلانے کی اجازت کب دی جائے گی ؟ اس بارے میں بھی ابھی تک کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

Leave a reply